اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی سر مارک لیال گرانٹ نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور دیگر سینئر حکومتی و عسکری عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں۔ مارک گرانٹ نے وزیراعظم ہاؤس میں نواز شریف سے ملاقات کی جبکہ اس دوران وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں ہندوستانی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ نواز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم تنازعہ ہے جبکہ اس کے حل سے خطے میں دیرپاامن یقینی بنایا جا سکتا ہے اور اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے اور یہ حق کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں دیا گیا ہے۔وزیراعظم پاکستان نے برطانوی قومی سلامتی کے مشیر کو بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں اب تک 100 سے زیادہ بے گناہ کشمیری ہلاک، ہزاروں زخمی اور سیکڑوں پیلیٹ گنز کے چھرے لگنے سے بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
سر گرانٹ نے اس موقع پر پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کے خوشگوار حوالے سے پاکستان کی پالیسی کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے کہا کہ ’ہم پڑوسی ممالک سے پرامن شراکت داری کی پاکستان کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور اس کی حمایت بھی کرتے ہیں‘۔ برطانوی سکیورٹی ایڈوائزر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کی خراج عقیدت پیش کیا اور اس جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے پر حکومت کی تعریف کی۔
.......
/169